فیروز واسپیڈو بس کے نام سے چلنے والی 200 بسوں سے روزانہ 2 کروڑ خسارہ
لاہور (شہزادہ خالد سے)لاہور میں سپیڈو بس کے نام سے چلائی گئی 200 بسیں روزانہ دو کروڑ روپے سے زائد خسارے میں چل رہی ہیں۔ ان بسوں کے چلنے کی وجہ سے دیگر ٹرانسپورٹ کم ہو گئی اور ان بسوں میں کارڈ کے بغیر سفر ممنوع ہونے کی وجہ سے جس مسافر کی جیب میں صرف منزل تک جانے کیلئے 10 روپے ہوتے ہیںوہ اس بس میں سفر نہیں کر سکتا کیونکہ اسے 200 روپے کا کارڈ لینا ضروری ہے۔ اس وجہ سے یہ بسیں لاہور اور پاکستان کے دوسرے شہروں سے آئے ہوئے مسافروں بالخصوص خاندانوں کیلئے انتہائی ذہنی و جسمانی اذیت اور استحصال کا سبب بن رہی ہیں۔ خاص طورپر رمضان المبارک میں شدید گرمی کے باوجود مسافروں کے ساتھ انتہائی زیادتی کی جا رہی ہے۔ دوسرے شہر سے ایک گھرانے کے پانچ افراد اگر ایک ہی دفعہ سپیڈو بس میں سفر کرنا چاہیں تو انہیں 200 روپے فی کارڈ کے حساب سے ایک ہزار روپے خرچ کرنا پڑیں گے۔ جو سراسر زیادتی ہے۔ خالی ایئرکنڈیشنڈ بسیں پورے لاہور میں کئی ماہ سے آوارہ پھر رہی ہیں اور اس کا سالانہ نقصان کھربوں روپے میں ہوگا اور یہ بسیں ماہانہ 60 کروڑ روپے سے زائد کا حسارہ کا باعث بن رہی ہیں۔