اینٹی نارکوٹکس فورس نے 175کلو منشیات برآمد کرلی‘ 15ملزم گرفتار
لاہور(پ ر) اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نے اٹک، لاہور، ڈیرہ اسماعیل خان، پشاور، حیدر آباد اور کراچی کے علاقوں میں عمل میں لائی گئی 9 ملک گیر کارروائیوں کے دوران 58 ملین روپے بین الاقوامی مالیت کی 175 کلو گرام منشیات برآمد کرلیں۔ اے این ایف پشاور نے پی ایس او پٹرول پمپ، چشمہ روڈ، ڈیرہ اسماعیل خان کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک ہینو ٹرک روک کر دوران تلاشی اس کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 130کلو گرام چرس برآمد کرکے موقع پر موجود اٹک کے رہائشی میر محمد کو گرفتار کرلیا گیا۔ دوسری کارروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے رنگ روڈ، موٹروے پر ایک سوزوکی آلٹو کار کو روک کر دوران تلاشی اس کے خفیہ خانوں سے 15 کلو گرام چرس برآمد کرکے خیبر ایجنسی کے رہائشی علی خان، عمل خان اور نور نبی نامی 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ اے این ایف راولپنڈی نے برہان انٹرچینج، جی ٹی روڈ، اٹک کے قریب کارروائی کے دوران ایک مہران کار کو روک کر تلاشی لینے پر اس کے خفیہ خانوں سے 10.8 کلوگرام چرس برآمد کرکے موقع پر موجود پشاورکے رہائشی محمد سراج اور سردار خان نامی 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ اے این ایف لاہور ائیرپورٹ ٹیم نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کارروائی کے دوران گوجرانوالہ کے رہائشی محمد آصف کے بیگ سے 3کلوگرام ہیروئن برآمد کرکے اسے گرفتار کرلیا۔کوٹ عبدالمالک انٹرچینج، لاہور کے قریب کارروائی کے دوران ایک کار کو روک کر دوران تلاشی اس میں چھپائی گئی 5کلوگرام چرس برآمد کرکے راولپنڈی کے رہائشی راحیل عباسی اور کراچی کے رہائشی وقار علی 2ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔