قصور: مہندی پر ہوائی فائرنگ سے دولہا کا باپ جاں بحق، گھر میں صف ماتم بچھ گئی

قصور: مہندی پر ہوائی فائرنگ سے دولہا کا باپ جاں بحق، گھر میں صف ماتم بچھ گئی

قصور (نامہ نگار) مہندی کی رسم میں ہوائی فائرنگ سے دولہا کا باپ جاں بحق، خوشیوں والے گھر میں صف ماتم بچھ گئی، دولہا اور اس کے 2 دوستوں سمیت 4 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرنے پر ورثاء کا مظاہرہ، فیروز پور روڈ بلاک کردی۔ تفصیل کے مطابق نفیس کالونی میں عبدالستار کے بیٹے عاقب علی اور بیٹی کی رسم مہندی کی تقریب جاری تھی، اس دوران شادی والے گھر میں آئے ہوئے دولہا کے دوستوں اور دیگر باراتیوں نے ہوائی فائرنگ کردی۔ اچانک گولیاں دولہا کے والد عبدالستار کو جا لگیں جو موقع پر دم توڑ گیا جس پر خوشیوں والے گھر میں صف ماتم بچھ گئی جس گھر سے بینڈ باجوں کے ساتھ بارات روانہ ہونا تھی وہاں سے باپ کی میت نکلی۔ دوسری جانب پولیس نے دولہا عاقب جاوید اور اس کے ساتھیوں وقاص اور جمشید سمیت 4 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا جس پر ان کے اہل خانہ اور عزیزو اقارب سراپا احتجاج بن گئے اور جلوس نکال کر کچہری چوک آ کر قصور فیروز پور روڈ پر دھرنا دے کر سڑک بلاک کر دی۔ انہوں نے کہا کہ ایک تو ان کے گھر میں صف ماتم بچھ گئی ہے۔ دوسری طرف دولہا سمیت دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ انہوں نے ڈی پی او قصور سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے خلاف درج کئے گئے مقدمے کو خارج کیا جائے اور گرفتار افراد کو فوری رہا کیا جائے۔