قصور: مبینہ منشیات فروشوں کا تھانے پر پتھرائو، وردیاں پھاڑ دیں،2 پولیس اہلکار زخمی

قصور: مبینہ منشیات فروشوں کا تھانے پر پتھرائو، وردیاں پھاڑ دیں،2 پولیس اہلکار زخمی

قصور+ فیروز والا (نامہ نگاران +نمائندہ نوائے وقت) منڈی عثمان والا پولیس سٹیشن پر منشیات فروش اور ان کے ساتھیوں نے ہلہ بول دیا،تھانے کے اندر پتھراؤ کرکے دو پولیس اہلکار زخمی کر دیئے اور سرکاری گاڑی کے شیشے توڑ دیئے۔ پولیس نے بتایا نجابت گاؤں میں چھاپہ مار کر محمد علی سے ایک کلو چرس اور اسکے بھائی سے آدھا کلو افیون برآمد کر لی اور انہیں تھانے لیجانے لگے تو محمد علی کے اہل خانہ نے مبینہ طور پر پولیس پر ہلہ بول کر محمد علی کو چھڑوا لیا تاہم پولیس محمد علی کے بھائی پرویز کو تھانے میں لے آئی جس پر محمد علی اور سینکٹروں دیگر افراد ٹریکٹر ٹرالہ اور موٹرسائیکلوں پر آئے اور تھانے کا گھیراؤ کرلیا، پولیس نے تھانہ کا دروازہ بند کیا تو مظاہرین نے تھانے پر پتھرائوکر دیا جس کے نتیجے میں دو پولیس ہلکار زخمی ہو گئے اور گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے۔ پولیس نے جوابی کاروائی کرتے ہوئے سولہ افرادکو حراست میں لینے کے ساتھ ساتھ ٹریکٹر ٹرالہ اور تیش کے قریب موٹر سائیکل کو قبضہ میں لیکر سو کے قریب ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔نامہ نگار کے مطابق حملہ آوروں نے اہلکاروں کی وردیاں پھاڑ ڈالیں اور تشدد بھی کیا۔ علاوہ ازیں فیروز والا میں قلعہ ستار شاہ سٹیشن کے قریب نامعلوم افراد نے چلتی ٹرین پر پتھراؤ کیا جس کے باعث ٹرین انجن کا فرنٹ شیشہ ٹوٹ گیا ڈرائیور محفوظ رہا۔