سندر: بھاری مقدار میں شراب برآمد، دو ملزم گرفتار

لاہور (نامہ نگار) محکمہ ایکسائز کی ٹیم نے سندر کے علاقہ میں چھاپہ مار کر شراب کی چالو بھٹی پکڑ کر دو ملزمان کو گرفتار کرکے بڑی مقدار میں شراب ودیگر سامان برآمد کرلیاہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نسیم صادق کی ہدایت پر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر چودھری مظفر قیوم کی سربراہی میں ایکسائز ٹیم نے سندر کے علاقہ  موہلنوال گائوں میں چھاپہ مار کر شراب کی چالو بھٹی پکڑ کر دو ملزمان ساجد اور وقاص کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضہ سے 25 بوتلیں تیار شراب سے بھرے دو ڈرم بھی برآمد ہوئے۔ دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ سندر میں مقدمہ درج کرا دیا گیا ہے۔ ای ٹی او ایکسائز چودھری مظفر قیوم نے کہا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈائون کا سلسلہ جاری رہے گا۔