شہر کے داخلی وخارجی راستوں پر ہائی الرٹ‘ اہم شخصیات کی سکیورٹی یقینی بنائی جائے: امین وینس
لاہور(نامہ نگار)شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی ہائی الرٹ جبکہ شہر میں چائنیز اور اہم تنصیبات کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ان خیالات کا اظہارسی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے گزشتہ روز پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں شہر کے امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے حوالے سے پولیس افسران کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے خطاب میں کیا۔ امین وینس نے کہا کہ شہر کی اہم شاہرائوں پر ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ کے گشت سے پورے شہر کے جرائم کی شرح میں خاصی کمی واقع ہوئی ہے۔ ہر گاڑی کو مکمل چیکنگ کرنے کے بعد شہر میں داخلے کی اجازت کی ہدایت کی جائے۔ عنقریب شہر کے داخلی وخارجی راستوں پر خود دورہ کروں گا ۔اور متعلقہ پولیس افسران کی دی گئی بریفنگ بارے پوچھوں گا۔