نظام مصطفی کے نفاذ سے دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہے: علامہ ریاض حسین شاہ

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سیّد ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ نظامِ مصطفی کے نفاذ سے ہی دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہے۔ درود کی خوشبو پھیلا کر بارود کی بُو ختم کریں گے۔ محبت ِ رسولﷺ ہی اُمّتِ مسلمہ کو متحد کر سکتی ہے۔ مسلمان نظامِ مصطفی کے نفاذ، مقامِ مصطفی کے تحفظ اور پیغامِ مصطفی کے فروغ کے لیے جدوجہد کریں۔ پیغامِ مصطفی اپنا کر اُمّتِ مسلمہ ترقی اور عروج حاصل کر سکتی ہے۔ اذکارِ رسولﷺ کو پھیلانے اور افکارِ رسولﷺ کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف شہروں میں میلاد کانفرنسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی کریمﷺ نے انسانیت کو امن، محبت، برداشت اور اخوت کا درس دیا۔ شمعٔ رسالت کے پروانے خداپرستی کے جذبات کو فروغ دیں تاکہ مفادپرستی اور نفس پرستی کا خاتمہ ہو سکے۔ پیغامِ مصطفی کو فراموش کرنے کی وجہ سے مسلمان زوال کا شکار ہیں۔ سیرتِ رسولﷺ کی روشنی میں ہر مسلمان کو اپنی زندگی کو اسلامی سانچے میں ڈھالنا چاہیے۔