گوجرانوالہ : مختلف واقعات میں بھائیوں نے 2 بہنوں‘ بھتیجے نے فائرنگ کرکے چچا کو قتل کردیا

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) مختلف واقعات میں بھائیوں نے 2بہنوں کو جبکہ بھتیجے نے چچا کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ بتایاگیاہے کہ تھانہ اروپ کے علاقے معافی والہ میں گھریلو جھگڑے پر شادی شدہ خاتون رشیدہ بی بی کو اس کے بھائی نے بیدردی سے مبینہ طور پرڈنڈے مار کرشدید زخمی کردیا جس پر شیدہ بی بی کو فوری طبی امداد کے لئے ڈسٹرکٹ ہسپتال لایاگیا جاں وہ کچھ دیر موت حیات کی کشمکش میںرہنے کے بعد دم توڑگئی۔ مقتولہ کے ورثاءپوسٹمارٹم کروائے بغیر نعش واپس لے گئے۔ مجاہد کالونی گلی نمبر 3 کے رہائشی رانا سعید کا اپنے بھتیجے عالم کے ساتھ مکان کا تنازعہ چلا آرہا تھا جس پر ان کے درمیان اکثر جھگڑا بھی رہتا تھا اسی رنجش پر گزشتہ روز ملزم اپنے چچا کے گھر مسلح ہو کر آیا جہاں اس نے جھگڑے کے دوران فائرنگ کردی جس کی زد میں آکر رانا سعید شدید زخمی ہوگیا۔ مضروب کو فوری طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ تھانہ سبزی منڈی پولیس نے مقتول کی بیوی فرزانہ کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ علاوہ ازیں کوٹلی پیر احمد شاہ کے رہائشی یوسف نے اپنی بیٹی سدرہ کی امجد کے ساتھ ایک سال قبل شادی کی تھی۔ شادی کے بعد میاں بیوی میں جھگڑا رہتا تھا۔ چند روز قبل سدرہ گھر سے بھاگ گئی جسے اس کے ورثاءتلاش کرکے گھر واپس لے آئے۔ اس بات کا سدرہ کے بھائی سجاول کو رنج تھا جس نے اسی رنجش پر گذشتہ رات گھر میں ہی فائرنگ کرکے اپنی بہن کو شدید زخمی کردیا اور خود فرار ہوگیا۔ سدرہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑگئی۔ تھانہ اروپ پولیس نے نعش کو پوسٹمارٹم کے لئے ڈسٹرکٹ ہسپتال بھجوا دیا اور مقتولہ کے والد یوسف کی درخواست پر ملزم سجاول کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔