پرائیویٹ کنٹریکٹر حاجیوں سے 2 کروڑ کا فراڈ کر کے فرار

پرائیویٹ کنٹریکٹر حاجیوں سے 2 کروڑ کا فراڈ کر کے فرار

لاہور (نمائندہ خصوصی) پرائیویٹ حج کنٹریکٹر سو سے زائد حاجیوں سے 2 کروڑ روپے سے زائد رقم کا فراڈ کر کے فرار ہو گیا۔ عازمین حج چار دن تک بادامی باغ کے علاقہ میں ایجنٹ کا انتظار کرنے کے بعد مایوس ہو کر گھروں کو روانہ ہو گئے۔ عازمین حج نے وزارت مذہبی امور سے ٹریول ایجنٹ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حافظ محمد یونس نامی شخص نے الحفاظ ٹریول کے نام سے شملہ پہاڑی سمیت لاہور کے مختلف علاقوں میں دفاتر بنا رکھے ہیں۔ حایظ یونس نے حاصل پور، ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولنگر سمیت دیگر علاقوں کے سو سے زائد مرد اور خواتین کو حج پر بھجوانے کا جھانسہ دے کر 2 کروڑ روپے سے زائد رقم ہتھیا رکھی تھی۔ چار روز قبل ٹریول ایجنٹ نے تمام لوگوں کو لاہور بلوا کر بادامی باغ داتا نگر میں واقع ایک مدرسے میں ٹھہرایا اور حیلے بہانے سے انہیں ٹالتا رہا، اور بعد ازاں ان سے رابطہ ختم کر دیا۔