ٹریفک حادثات میں خاتون اور بچے سمیت 4 افراد جاں بحق 8 زخمی

ٹریفک حادثات میں خاتون اور بچے سمیت 4 افراد جاں بحق 8 زخمی

لاہور+ فیروزوالہ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) ٹریفک حادثات میں خاتون اور بچے سمیت 4 افراد جاں بحق 6 شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق رنگ روڈ کرول گھاٹی کے قریب گزشتہ روز دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار نوجوان آپس میں ٹکرا کر سڑک پر گر گئے اسی اثناءمیں عقب سے آنے والے ٹرالر نے چاروں لڑکوں کو کچل دیا جس کے باعث 7 سالہ بچہ اور ایک تیرہ سالہ لڑکا موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ دو نوجوان اسلم اور رانا عامر شدید زخمی ہو گئے۔ قلعہ گجر سنگھ کے علاقے میں تیز رفتار بس نے موٹر سائیکل سوار 45 سالہ کاظم کو کچل کر ہلاک کر دیا حادثہ کے بعد ڈرائیور بس چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا۔ گجرات کے رہائشی فتح محمد کی بیوی سائرہ بی بی اپنی بہن کو ملنے کے لئے امامیہ کالونی آ رہی تھی۔ سڑک عبور کرنے لگی تو تیز رفتار ویگن نے اسے ٹکر مار کر روند ڈالا جو موقع پر ہلاک ہو گئی۔ علاوہ ازیں سمن آباد کے علاقہ میں بچوں کو سکول لے جانے والا رکشہ تیز رفتاری کے باعث الٹ گیا۔ جس سے رکشہ ڈرائیور ارشد سمیع اور پانچ بچے ہارون، کاشف، طیب، معیز اور گڈو شدید زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کو ریسکیو 1122 نے طبی امداد کے لئے ہسپتال منقتل کر دیا ہے۔