نارنگ منڈی: تھانے سے خطرناک ملزم فرار، ایس ایچ ا و‘سب انسپکٹر معطل

نارنگ منڈی (نامہ نگار) تھانہ نارنگ منڈی سے 5 قتلوں، اغوا برائے تاوان اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث صف اول کا خطرناک ملزم عاشر عرف گٹھا مسیح فرار ہوگیا۔ بتایا گیا ہے کہ ملزم نے نواحی گچھلی ورک میں 5 افراد کو بیک وقت قتل کیا تھا ، ملزم شیخوپورہ جیل میں قید تھا کہ نارنگ منڈی پولیس نے مزید تفتیش کیلئے اسے 5 روزہ ریمانڈ پر تھانہ میں رکھا ہوا تھا۔ گزشتہ رات 12 بجے تفتیشی افسر سب انسپکٹر میاں محمد اشرف اسے تھانہ کی حوالات سے نکلوا کر اپنے کمرے میں تفتیش کر رہا تھا کہ اچانک تفتیشی کو اونگھ آگئی اور وہ ملزم کو بھول کر سو گیا، اس دوران ملزم پراسرار طور پر تھانہ سے غائب ہوگیا حالانکہ مین دروازہ پر بھی کانسٹیبل پہرہ دے رہا تھا۔ سب انسپکٹر میاں محمد اشرف کو تھانے کی حوالات میں بند کر دیا گیا ہے جبکہ نئے ایس ایچ او رانا محمد اقبال نے چارج سنبھال لیا ہے۔