لاکھوں کے ڈاکے ‘ نقدی‘ زیورات چھین لئے‘ 70 سالہ خاتون پر تشدد دانت توڑ ڈالے

لاہور (نامہ نگاران) قصور، ننکانہ، شیخوپورہ اور نواحی علاقوں میں ڈاکوﺅں نے مختلف واقعات میں شہریوں کو لاکھوں کے مال و زر سے محروم کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق فیروز وٹواں سے نامہ نگار کے مطابق فیروز وٹواں میں چار ڈاکو زمیندار کے اہل خانہ کو یرغمال بنا کر اس کے گھر سے چودہ تولے زیورات، تین لاکھ روپے نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔ فیروز وٹواں کے محلہ ملک احمد خان میں زمیندار عنصر محمود وٹو کی عدم موجودگی میں چار ڈاکو اس کے گھر کی دیواریں پھلانگ کر اندر داخل ہوگئے اور الماریوں کی چابیاں مانگیں، انکار پر مسلح ڈاکوﺅں نے زمیندار کی ستر سالہ بوڑھی والدہ کو سخت تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے اس کے دانت توڑ ڈالے اور اسے زخمی حالت میں چار پائی کے ساتھ رسیوں سے باندھ دیا۔ قصور سے نامہ نگار کے مطابق کوٹ رادھا کشن کے نواحی گاﺅں بابلیانہ میں ایک برقعہ پوش عورت اپنے چار ڈاکو ساتھیوں سمیت حاجی امجد کے گھر داخل ہوئی، اہل خانہ کے شور پر ڈاکوﺅں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجہ میں فیصل وغیرہ چار افراد شدید زخمی ہوگئے۔ بھٹہ سوہن والا کے نزدیک ڈاکو حاجی اکرم کے گھر کا صفایا کر گئے۔ پھول نگر کے نواح میں پانچ ڈاکوﺅں نے امتیاز نامی شخص سے نقدی اور زیورات چھین لئے۔ پتوکی سے نامہ نگار کے مطابق محمد عثمان اشرف اور ڈرائیور جہانگیر لاہور سے اوکاڑہ جا رہے تھے کہ پتوکی بائی پاس پر چار ڈاکوﺅں نے روکا اور مزاحمت پر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد ڈرائیور کو فائر مار دیا۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق محلہ رحمانیہ ننکانہ صاحب کا اصغر علی اپنی کار گھر کے باہر کھڑی کرکے خود اندر چلا گیا، جب وہ واپس آیا تو نامعلوم چور اس کی کار چوری کرکے لے جا چکے تھے۔ علاوہ ازیں جامیکے کا محمد افضل اپنی موٹرسائیکل پر سوار ہو کر اپنے گھر سے بچیکی جا رہا تھا کہ موٹرسائیکل سوار ڈاکوﺅں نے اس کی موٹرسائیکل چھین لی۔