پولیس افسروں کے دفاتر سے چٹ سسٹم کے خاتمہ تک عوام تک رسائی ممکن نہیں: امین وینس
لاہور (سٹاف رپورٹر)کیپیٹل سٹی پولیس آفیسرلاہور ایڈیشنل آئی جی کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہاہے کہ لاہور پولیس نے سپیشل سکیورٹی یونٹ کو لاہور آنے والے غیر ملکیوں کی حفاظت کے لئے تشکیل دیا ہے ۔ جن میں 275جوانوں کو شامل کیا گیا ہے ۔ جوانوں کی جدید تقاضوں کے مطابق تربیت اور قلیل عرصہ میں ٹریننگ مکمل کرنے پر افسران و اہلکاروں کو مبارک باد اور ایس پی ہیڈ کوارٹر کو شاباش دیتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں سپیشل سکیورٹی یونٹ کے 275جوانوں کی پاسنگ آئوٹ کی تقریب سے حاضرین سے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز و سکیورٹی ڈاکٹر معین مسعود ، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن چوہدری سلطان ، سی ٹی او لاہور رائے اعجاز احمد، ایس ایس پی آپریشنز منتظر مہدی، ایس ایس پی انویسٹی گیشن غلام مبشر میکن سمیت افسران و اہلکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ سی سی پی او کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے اس موقع پر مزید کہا کہ لاہور پولیس نے گزشتہ 3 سال کے دوران تھانہ کلچر کی تبدیلی اور پولیس کے عوام کے ساتھ بہترین روابط قائم کرنے کے اپنی نوعیت کے منفرد اقدامات اٹھائے ہیں۔ آج پاکستان دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے اس لئے دور حاضر میں پولیس فورس کو ناسوروں سے لڑنے کے لئے جدید تقاضوںکے مطابق تربیت دینا ہو گی۔ لاہور پولیس نے 111نظام کو گلی محلوںکی سطح پر امن و امان کو یقینی بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کے لئے متعارف کروایا ہے۔ جب تک افسران اپنے دفاتر سے چٹ سسٹم ختم نہیں کریں گے تب تک عوام تک رسائی ممکن نہیں ہو گی۔دفاتر میں بیٹھ کر عوام کے ترجیحی بنیادوں پر مسائل حل کر کے دنیا اور آخرت میں جنت کمائیں۔ ہم شہریوں کو تحفظ دینا اپنا اولین فریضہ سمجھتے ہیں۔