لاہور: ڈاکوئوں نے 55 لاکھ کا مال لوٹ لیا، قصور میں مزاحمت پر شہری قتل

لاہور: ڈاکوئوں نے 55 لاکھ کا مال لوٹ لیا، قصور میں مزاحمت پر شہری قتل

لاہور+ قصور (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) لاہور میں 55 لاکھ کے ڈاکے، قصور میں مزاحمت پر ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ ڈاکوؤں نے فیکٹری ایریا کے علاقہ میں عمران کے گھر گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 15 لاکھ، نصیر آباد کے علاقہ میں احسان اور اس کی فیملی سے8 لاکھ روپے، جوہرٹاؤن کے علاقہ میں محمد اکرم کے گھر گھس کر5 لاکھ روپے، مسلم ٹاؤن کے علاقہ میں سرور اور اس کی فیملی سے3 لاکھ روپے، نواب ٹاؤن کے علاقہ میں ناصر کے گھر گھس کر 2 لاکھ روپے کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ ڈاکوئوں نے شفیق آباد کے علاقہ میںنشاط سے 83ہزار، مسلم ٹاؤن میںاسلم اور اس کے دوست جاوید سے 80 ہزار، 70 ہزار روپے، مناواں میں نواز سے 45 ہزار، باغبانپورہ میں اسلم اور رشید سے 30 ہزار روپے اور دو موبائل فون لوٹ لئے۔ چوروں نے نشترکالونی میں ایک فیکٹری سے 8 لاکھ روپے، گرین ٹاؤن میں ایک بیکری سے 7لاکھ روپے، نصیرآباد کے علاقہ میں ایک کلینک سے 4 لاکھ روپے کی نقدی ودیگر سامان چوری کرلیا ہے۔ چوروں نے ہئیر، گلشن اقبال،گڑھی شاہو اور نصیر آبادکے علاقوں سے چار کاریں جبکہ رائے ونڈ، سمن آباد، مغل پورہ، ٹاؤن شپ، راوی روڈ، شاہدرہ ٹاؤن کے علاقوں سے سات موٹرسائیکلیں چوری کر لی ہیں۔ ادھر قصور اور اس کے نواح میں ڈکیتی، راہزنی اور چوری کے واقعات میں ڈاکوئوں نے مزاحمت کر نے پر ایک شخص کو ہلاک کر دیا جبکہ دیگر وارداتوں میں ڈاکو لاکھوں روپے کا سامان لوٹ کر لے گئے۔ سرائے مغل کے نواح ججہ کلاںکے موٹر سائیکل سوار ریاض احمد اپنی بیوی اور خوشدامن کو لیکر اپنے قریبی عزیزوں کے ہاں جا رہا تھا راستہ میں لاہور بند کے قریب ڈاکوئوں نے اسے روک کر نقدی رقم اور موبائل فون چھین لیا۔ اس دوران ریاض نے ڈاکوئوں سے کہا اس کے ضروری کاغذات واپس کر دیں تو ڈاکوئوں نے اسے مزاحمت کرنے پر فائرنگ کرکے شدید زخمی کر دیا جسے طبی امداد کیلئے جنرل ہسپتال لاہور لیجایا جا رہا تھا وہ راستہ میں دم توڑ گیا اور اس کی بیوی موٹرسائیکل سے گر کر زخمی ہو گئی۔ پولیس تھانہ سرائے مغل نے نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ الہٰ آباد میں محمد افضل کے گھر داخل ہونیوالے ڈاکوئوں نے اہل خانہ کو یرغمال بنا کر 2 تولے طلائی زیورات،22 تولے چاندی، پونے دو لاکھ روپے کی نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر لے گئے۔ چونیاں الٰہ آباد کے قریب بھی واردات ہوئی۔