ایکسپریس ایلی ویٹڈ ہائی وے کیلئے شہریوں سے زمین ایکوائر کرنے پر ایل ڈی اے سے آج جواب طلب

لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائی کورٹ نے ایکسپریس ایلی ویٹڈ ہائی وے کیلئے ایل ڈی اے کی طرف سے شہریوں کی زمین ایکوائر کرنے کے خلاف دائر کیس میں ایل ڈی اے کے سیکشن 5اے سے متعلق تمام ریکارڈ طلب کرتے ہوئے ایل ڈی اے کے وکیل کو دلائل کیلئے آج طلب کر لیا۔ گزشتہ روز درخواست گزاروں کے وکلاء نیعدالت کے سامنے موقف اختیار کیا کہ لینڈ ایکویزیشن ایکٹ آئین کے آرٹیکل 10اے آنے کے بعد غیر آئینی ہوگیاہے۔حکومت شہریوں سے جائیداد کا حق لے رہی ہے مگر قانون پر عملدرآمد نہیں کیا جارہا۔ آئین کا آرٹیکل 23 اور 24 جائیداد رکھنے کا حق دیتا ہے اور وجوہات بیان کرتا ہے کہ کب جائیداد کو حکومت زبردستی لے سکتی ہے۔ ۔فاضل عدالت نے قرار دیا کہ وہ یہ دیکھے گی کہ بنیادی حقوق کا خیال کس حدتک رکھاگیاہے۔