ٹریفک حادثات میں 3 افراد جاں بحق، 5 زخمی ہو گئے
لاہور+ فیروز والا (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگار) ٹریفک حادثات میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہو گئے۔ تھانہ باغبانپورہ کے علاقہ میں 32 سالہ نامعلوم نوجوان تیز رفتار ٹرک کی ٹکر کے نتیجے میں ہلاک ہو گیا۔ اطلاع ملنے پولیس موقع پر پہنچ گئی اور نعش مردہ خانے بھجوا دی۔ ڈرائیور ٹرک چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا۔ لاہور روڈ کی آبادی ٹول پلازہ کے قریب ویگن بے قابو ہو کر رکشہ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں رکشہ ڈرائیور نوید حسین جاں بحق اور دو افراد زخمی ہو گئے۔ جی ٹی روڈ کی آبادی حدو کے قریب کار، ٹرک اور رکشہ کے درمیان تصادم میں چار افراد رفیق اور خالد وغیرہ زخمی ہو گئے۔ جھامکے کے قریب ویگن بے قابو ہو کر موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مار دی جس کے باعث نوجوان نوید احمد زخمی ہو گیا۔ بعد میں مشتعل ہجوم نے ویگن پر حملہ کر کے شیشے توڑ دیے۔ ویگن کو روک کر خواتین سے بدتمیزی بھی کی گئی۔ کالا خطائی روڈ پر بس کی زد میں آ کر نوجوان ہلاک ہو گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔