لائوڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر 11 خطباء پر مقدمات، 4 منشیات فروش گرفتار

لائوڈ سپیکر  ایکٹ کی خلاف ورزی پر 11 خطباء پر مقدمات، 4 منشیات فروش گرفتار

رائے ونڈ+فیروز والہ (نامہ نگاران) اے ایس پی سرکل رائے ونڈ شاہنواز چاچڑ کی ہدائت پر ایس ایچ او تھانہ سٹی رائے ونڈ چودھری محمد سرور ،سب انسپکٹر عبدالستار ،اے ایس آئی افتخار احمد اور محرر امان اللہ پر مشتمل ٹیم نے علاقہ میں لائوڈ سپیکر کی خلاف ورزی کرنے والے متعدد مساجد کے خطیبوں ،منشیات اورشراب فروشوں سمیت فحش سی ڈیز اور کمپیوٹر ڈیٹا فروخت کرنے والے افراد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے مقدمات درج کرلئے ۔لائوڈ سپیکر کی خلاف ورزی پر جن خطیبوں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں ان میں  قاری محمد علی نقشبندی ، قاری آصف ، محمد سرور،  محسن رضا، بلال احمد شامل ہیں ۔ منشیات اور شراب فروشی کے الزامات کے درج مقدمات میں رائے ونڈ کلاں سے بدنام زمانہ منشیات فروش محمد شفیق عرف ڈان سے ساڑھے تین کلوچرس،احمد کمال راجپوت سے سوا کلوچرس ،راشد گجر سے سوا کلو چرس اور محمد وقاص سے 8بوتلیں ولائتی شراب برآمد کی گئی ہے ۔فحش سی ڈیز اور کمپیوٹر مواد فروخت کرنے والے آصف ،اصغر وغیرہ 8افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف بھی مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔ فیروز والہ فیکٹری ایریا اور مریدکے پولیس نے لائوڈ سپیکر کے بے جا استعمال کرنے کے الزام میں چھ مساجد کے خطیبوں اور چندہ مانگنے پر کالعدم تنظیم کے کارکن سمیت متعدد افراد کے خلاف مقدمات درج کر لئے ہیں۔