مغلپورہ: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 دوست قتل
لاہور + فیروزوالا + شیخوپورہ (سٹاف رپورر + نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) تھانہ مغلپورہ کے علاقہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 2 موٹرسائیکل سوار دوستوں کو قتل کر دیا۔ ملزمان ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ پولیس نے نعشیں پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے بھجوا دی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے تحقیقات جاری ہیں۔ جلد ملزمان کا سراغ لگا لیں گے۔ شبہ ہے کہ ملزمان کو مخالفین نے قتل کیا ہے‘ تاہم تحقیقات مکمل ہونے پر ہی حقائق سامنے آسکیں گے۔ معلوم ہوا ہے کہ رام گڑھ کے رہائشی نعمان کو نامعلوم افراد کا فون آیا اور اپنے دوست علی رضا کے ساتھ گھر سے نکلا۔ اسی دوران راستے میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار افراد نے ان پر فائرنگ کر دی جس سے دونوں دوست شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور نعشوں کو پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے بھجوا دیا۔ پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کر لئے اور نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ علاوہ ازیں فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق کھانا دینے سے انکار کرنے پر نوجوان نے گولی مار کر اپنی سگی بڑی بہن کو ہلاک کر دیا اور فرار ہو گیا۔ بنگلہ تاج کالونی (ونڈالہ) کے رہائشی محمد اسلم کے بیٹے عمیر احمد 20 سالہ نے گھر میں آکر اپنی بڑی بہن 22 سالہ ثناء اسلم سے کھانا مانگا جس نے اسے کھانا دینے سے انکار کردیا۔ دونوں بہن بھائی میں تلخ کلامی ہو گئی۔ عمیر نے مشتعل ہوکر اسے گولی مار دی جس سے وہ موقع پر ہلاک ہو گئی۔ فیروزوالا پولیس نے مقتولہ کے باپ کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس نے مقتول کی نعش پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال بھیج دی۔