گڑھی شاہو پولیس 8 بچوں کے باپ کا سراغ لگانے میں ناکام

لاہور (نامہ نگار) گڑھی شاہو کے علاقہ سے تین روز قبل اغوا ہونے والے 8 بچوں کے باپ 42 سالہ محمد وحید کے اہلخانہ نے آئی جی پنجاب اور اعلیٰ پولیس حکام سے اپیل کی کہ محمد وحید کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے۔ تفصیلات کے مطابق 8 بچوں کا باپ 42 سالہ محمد وحید پاسپورٹ آفس کے باہر بطور ایجنٹ کام کرتا تھا۔ جسے جمعہ کے روز محبوب الحسن نامی شخص نے فون کر کے بلایا۔ جس کے بعد محمد وحید کا موبائل فون بند ہو گیا اور محبوب الحسن کا بھیکچھ پتہ نہیں چلا۔ گڑھی شاہو پولیس نے محمد وحید کے بھائی محمد سعید کی درخواست پر ملزم محبوب الحسن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا جبکہ تاحال مغوی کا کچھ سراغ نہیں ملا۔ اس کے علاوہ ملزم محبوب الحسن بھی گرفتار نہیں ہو سکا۔