جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے دو افراد اور ایجنٹ گرفتار

لاہور (خبر نگار) ایف آئی اے امیگریشن نے جعلی دستاویزات پر یونان اور سپین جانے والے دو افراد اور ایک ایجنٹ کو گرفتار کرلیا۔ بتایا گیا ہے کہ انسپکٹرعارف اقبال نے قطر ایئر لائنز کے ذریعے ایتھنز (یونان) جانے والے ڈسکہ کے افضل کو گرفتار کرلیا۔ افضل نے اعتراف کیا کہ اس کا اصل نام لیاقت ہے اور اس نے یہ پاسپورٹ ایتھنز میں پاکستانی سفارت خانے سے بنوایاتھا۔ علاوہ ازیں انسپکٹر علی اکبر سندھو نے جعلی دستاویزات پر بارسلونا جانے والے جھنگ کے نعیم عباس کو گرفتار کیا تو اس نے بتایا کہ اس نے 12 لاکھ روپے میں یہ پاسپورٹ حاصل کیا تھا اور اس کا ایجنٹ حاجی وقار ایئرپورٹ پر ہی موجود ہے جس پر حاجی وقار کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔