افسران انسانی سمگلروں اور اشتہاریوں کی گرفتاریوں کا عمل تیز کریں: چودھری محمد احمد

لاہور (خبر نگار) ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (پاسپورٹ سرکل) چودھری محمد احمد نے انسانی سمگلروں اور خصوصاً اشتہاریوں کی گرفتاری کا ٹاسک اپنے ماتحتوں کوسونپ دیا۔ گزشتہ روز پاسپورٹ سرکل کی ایک میٹنگ میں چودھری محمد احمد نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ زیر التوا تمام انکوائریوں کو جلد از جلد نمٹایا جائے اور اشتہاریوں اور انسانی سمگلروں کی گرفتاری کے لئے خصوصی مہم شروع کی جائے۔ انہوں نے افسران کوہدایت کی کہ دفتر میں بیٹھنے کی بجائے دفتر سے باہر نکلیں، فعال ہوں اور اشتہاریوں اور انسانی سمگلروں کو ڈھونڈ کر گرفتار کریں۔