ملازمت حاصل کرکے وارداتیں کرنے والا ڈکیت گینگ گرفتار

ملازمت حاصل کرکے وارداتیں کرنے والا ڈکیت گینگ گرفتار

لاہور (سٹاف رپورٹر) سی آئی اے صدر نے جوہر ٹائون کے رہائشی انجینئر  محمد ریاض کے گھر ڈرائیور اور نوکرانی کے طور ملازمت حاصل کرکے 23 لاکھ روپے مالیت کی قیمتی اشیائ‘ طلائی زیورات اور گاڑیاں چھین کر فرار ہونے والے 4 ملزموں کو گرفتار کرکے  لوٹا ہوا مال اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا۔ یہ بات ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک  نے انویسٹی گیشن  ہیڈ کوارٹرز قلعہ گجر سنگھ میں پریس کانفرنس کے دوران بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ F بلاک جوہر ٹائون کے رہائشی انجینئر محمد ریاض نے سی سی پی او لاہور چودھری  شفیق احمد کو درخواست دی تھی کہ ان کا ڈرائیور اور اس کی بیوی جنوری میں اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ہمیں گن پوائنٹ پر لوٹ کر فرار ہو گئے تھے‘ لیکن مقامی پولیس ملزموں کو ابھی تک پکڑنے میں کامیاب نہیں ہوئی جس پر سی آئی اے صدر نے ملزم حسن عرف شکور‘ اس کی بیوی زرینہ بی بی عرف نیکو‘ عادل اور آصف قدوس کو گرفتار کرکے  ان کی نشاندہی پر واردات میں لوٹے ہوئے طلائی زیورات‘ موبائل فونز‘ دو عدد کاریں‘ پاسپورٹ اور دیگر ضروری کاغذات کے علاوہ واردات میں استعمال ہونے والا پستول برآمد کر لیا۔