مانگٹانوالہ: ٹریکٹر ٹرالی نے قربانی کے جانور فروخت کرنے کیلئے جانیوالے 3 بچوں کو کچل دیا

مانگٹانوالہ (نامہ نگار) قربانی کے جانور فروخت کرنے کیلئے جانے والے 3 بچے ٹریفک حادثہ کا شکار ہو گئے۔ ایک ہی خاندان کے دو بچوں سمیت تین بچے جاں بحق ۔ تینوں بچے گدھا گاڑی پر سوار تھے۔ دھان سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالی تلے آ کر کچلے گئے۔ بچوں کی عمریں دس سے بارہ سال کے درمیان تھیں۔ ڈرائیور موقع سے گرفتار ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق موڑکھنڈا کے محلہ ٹوری والا کے رہائشی امانت علی کا بیٹا منور علی،نبی پور پیراں سے امانت کے بھتیجے ظہور احمد کا بیٹا سرفراز احمد اور حماد کا چک تھانہ لنڈیانوالہ کے رہائشی منور علی کا بیٹا عظیم گدھا گاڑی پر سوار ہو کر محلہ ٹوری والا سے موڑکھنڈا میں قربانی کے جانور فروخت کرنے کے لئے امانت علی کے ہمراہ آ رہے تھے کہ ہیڈ بلوکی روڈ پر پل نہر کے قریب گدھا اچانک بے قابو ہو گیا جس سے بچے سٹرک پر گر گئے تو پیچھے سے آتی ہوئی دھان سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالی ان پر چڑھ گئی جس کی زد میں آ کر تینوں بچے کچلے گئے جن میں سے منور علی اور سرفراز موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ تیسرا بچہ عظیم ہسپتال میں پہنچتے ہی دم توڑ گیا۔ پولیس چوکی موڑکھنڈا نے ٹریکٹر ٹرالی کے ڈرائیور مظفر حسین کو موقع سے گرفتار کر کے کارروائی شروع کر دی۔