ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق‘ 3 شدید زخمی ہو گئے

ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق‘ 3 شدید زخمی ہو گئے

لاہور + فیروز والا (نامہ نگاران+ سٹاف رپورٹ) ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق 3شدید زخمی ہو گئے۔ شیر شاہ روڈ لوہا مارکیٹ کے تاجر اسلم کا باپ 60سالہ میاں نواب دین گھر کے قریب واقع مسجد میں نماز ادا کرنے کے بعد واپس آ رہا تھا کہ سڑک عبور کرتے ہوئے تیز رفتار موٹر سائیکل سوار ذیشان نے اسے ٹکر مار دی۔ طبی امداد کے لئے ہسپتال پہنچایا گیا مگر وہ دم توڑ گیا۔ اسلام پورہ میں محمد جمال پیدل گھر جا رہا تھا کہ سڑک عبور کرتے ہوئے تیز رفتار ٹرک نے اس کو کچل دیا جس کے باعث وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ مناواں کے علاقے میں وقاص، گجر پورہ کے علاقہ میں رفاقت ٹریفک حادثات میں زخمی ہو کر ہسپتال پہنچ گئے۔ لاہور روڈ پر قلعہ ستار شاہ کے قریب تیز رفتار بس نے سڑک عبور کرتے ہوئے نوعمر لڑکے کو روند ڈالا جو شدید زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لئے ہسپتال داخل کرا دیا۔ پولیس نے بس قبضہ میں لے لی۔ ڈرائیور فرار ہو گیا۔ بچے کی حالت نازک بیان کی جاتی ہے۔