شفیق آباد: نامعلوم افراد نے خاتون کو قتل کر کے نعش سڑک پر پھینک دی، زیادتی کا شبہ

لاہور (نامہ نگار) شفیق آباد کے علا قہ میں سے 35 سالہ خاتون کو نامعلوم افراد نے مبینہ زیادتی کے بعد تشدد کرکے قتل کردیا اور نعش سڑک پر پھینک دی۔ تفصیلات کے مطابق شفیق آباد کے علاقہ میٹرو بس روڈ کے قریب پڑی نامعلوم خاتون کی نعش دیکھ کر راہگیروں نے پولیس کو اطلاع کردی۔ نعش ملنے سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا اور جائے وقوعہ پر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور فرنزاک اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کئے۔ پولیس نے مقامی افراد سے پوچھ گچھ کی لیکن کسی شخص نے کچھ نہیں بتایا۔ نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے میں جمع کروا دیا گیا۔ حلیے سے خاتون عام گھرانے کی لگتی ہے، اسکے پاس سے کوئی ایسی چیز برآمد نہیں ہوئی جس سے اسکی شناخت ہو سکے۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نامعلوم افراد نے خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد تشدد کیا اور پھر گلا دبا کر مار ڈالا۔ پولیس نے سب انسپکٹر کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے، اس حوالے سے انچار ج انویسٹی گیشن ذوالفقار علی نے بتایا خاتون کے ورثا کی تلاش جاری ہے جن کے سامنے آنے کے بعد ملزموں کو تلاش کرنے میںآسانی ہوگی۔