بہاولپور :سزائے موت کے قیدی کو پھانسی ، مختلف شہروں میں 6 کے بلیک وارنٹ

بہاولپور :سزائے موت کے قیدی کو پھانسی ، مختلف شہروں میں 6 کے بلیک وارنٹ

بہاولپور+سیالکوٹ+ فیصل آباد+ ملتان+ گوجرانوالہ + کوئٹہ (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی+ سپیشل رپورٹر) نیو سینٹرل جیل میں سزائے موت کے قیدی کوتختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ مجرم لونے خان نے 2000ء میں بہنوئی کوقتل کردیاتھا۔ مجرم کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 2002 ء میں پھانسی کی سزا سنائی تھی۔ لونے خان کی پھانسی 25 مارچ کو ہونا تھی جو مجرم کی بہن اور مقتول خان محمد کی بیوہ اور تین بیٹیوں کی طرف سے چار ایکڑ اراضی لیکر صلح نامہ لکھ دینے کی وجہ سے روکدی گئی تاہم مقتول خان محمد کے والدین کی طرف سے معافی نہ ملنے پر پھانسی کی سزا دیدی گئی۔ ادھر گوجرانوالہ سزائے موت کے دو قیدیوں کے بلیک وارنٹ جاری کردئیے گئے ہیں۔ جیل حکام نے جوڈیشل مجسٹریٹ سلیم ملک کی عدالت میں عبدالجبار اور اعجاز احمد کی سزائے موت پر عملدرآمد کیلئے بلیک وارنٹ کے اجراء کی درخواست کی جس پر عدالت نے دونوں قیدیوں کے بلیک وارنٹ جاری کردئیے۔ انہیں 16 اپریل کو پھانسی دی جائیگی۔ دوسری طرف سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بھی 16 سال قبل لڑکی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کرنے والے دومجرموں کے بلیک وارنٹ جاری کردئیے ۔ انہیں 21اپریل کوتختہ دار پر لٹکادیا جائیگا۔ تھانہ قلعہ کالروالہ کے علاقہ میں 1999ء میں دومجرموں سلیم اور لقمان نے حمیر ا بی بی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی تھی جنہیں انسداد دہشت گردی کی عدالت گوجرانوالہ نے سزا ئے موت کا حکم سنایا تھا۔ مجرمان کی سزائوں کے خلاف اپیل مسترد ہوجانے کے بعد گزشتہ روز انسداد دہشت گردی کی عدالت گوجرانوالہ کے جج چوہدری امتیاز احمد نے بلیک وارنٹ جاری کردیئے۔ادھر فیصل آباد سنٹرل جیل میں کل تین مجرموں کو تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔مجرموں کے لواحقین سے آج آخری ملاقات کروائی جائیگی۔ سنٹرل جیل انتظامیہ کو نظام الدین، مظفراقبال اور محمد حسین کے ڈیتھ وارنٹ موصول ہو گئے ہیں جن کے مطابق ملزمان کو کل 16 اپریل علی الصبح تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔ جیل انتظامیہ نے تینوں ملزمان کے لواحقین کو آخری ملاقات کرنے کے نوٹس بھجوا دیئے ہیں۔ ادھر انسداد دہشت گردی عدالت ملتان نے قتل کے مجرم کے ڈیتھ وارنٹ جاری کردئیے۔ مجرم منظور کو 18 اپریل کو وہاڑی جیل میں پھانسی دی جائیگی۔دریں اثناء صدر مملکت نے مچھ جیل میں سزائے موت کے قیدی ریاض احمد کی رحم کی اپیل مسترد کردی جس کے بعد محکمہ داخلہ بلوچستان نے ریاض احمد کو پھانسی دینے کیلئے بلیک وارنٹ جاری کردئیے ہیں۔ مجرم ریاض کو پھانسی دینے کی تاریخ کا تعین جیل حکام کرینگے۔