مردہ بھائی کے اکاؤنٹ سے13لاکھ روپے نکلوانے والے مجرموں کو7،7سال قید

لاہور (اپنے نامہ نگار سے)مردہ بھائی کے اکائونٹ سے 13 لاکھ روپے نکلوانے والے دو بھائیوں کو مجموعی طور پر 14 برس قید کی سزا سنا دی گئی۔ بنکنگ جرائم عدالت کے جج قیصر نذیر کی عدالت میںمردہ بھائی کے اکاؤنٹ سے 13 لاکھ روپے نکلوانے کے کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے جرم ثابت ہونے پر دو ملزمان بھائیوں کو 14سال قید کی سزا سنا دی جبکہ بنک آفیسر جنید کو بری کرنے کا حکم دیا ہے،عدالت نے ملزم سعید اور ملزم منیر احمد کو 7,7 سال قید کی سزا سنائی ہے، درخواست گزار عینی نے موقف اختیار کیا تھا کہ میرے شوہر توحید احمد بیمار تھے جو کچھ عرصہ کوما میں رہ کر انتقال کر گئے،سعید اور منیر نے اس دوران میرے شوہر اور اپنے بھائی کے اکاؤنٹ سے 13 لاکھ روپے نکلوا لئے ، اس نے مزیدموقف اختیار کیا کہ جعلی دستخطوں سے مختلف چیکوںکے ذریعے پیسے نکلوالنے میں بنک کا عملہ بھی ملوث تھا، گزشتہ روز عدالت نے سزا سناتے ہوئے درخواست نمٹا دی ہے ۔