4 خودکشیاں: ہنجروال میں 22 سالہ نوجوان نے زہر نگل لیا
لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ساہیوال (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+نمائندگان) مختلف واقعات میں 4 افراد نے خودکشی کرلی۔ ہنجروال میں ٹوکے والی گلی کے رہائشی 22 سالہ مزمل نے پراسرار طور پر نشہ آور گولیاں کھالیں جس سے اسکی حالت غیر ہوگئی۔ اسے ہسپتال لے جایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔ پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردی۔ لواحقین کے مطابق مزمل نشے کا عادی تھا۔ گوجرانوالہ میں ایمن آباد کے 4 بچوں کے باپ فاروق نے نشہ نہ ملنے پر زہریلی گولیاں نگل لیں۔ اسے ہسپتال پہنچایا جہاں وہ دم توڑ گیا۔ فیصل آباد میں نوجوان علی رضا نے گھریلو ناچاقی پر گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں جبکہ ساہیوال میں 70 سالہ بشیر نے بہو کے ناروا سلوک سے تنگ آکر زہریلی سپرے پی لی۔