کوٹ لکھپت: ٹریکٹر ٹرالی کی موٹر سائیکل کو ٹکر، میٹرک کا پیپر دینے جانیوالے بھائی بہن جاں بحق

کوٹ لکھپت: ٹریکٹر ٹرالی کی موٹر سائیکل کو ٹکر، میٹرک کا پیپر دینے جانیوالے بھائی بہن جاں بحق

لاہور (نامہ نگار) کوٹ لکھپت کے علاقہ میں تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی کی موٹر سائیکل کو ٹکر،  بھائی بہن جاں بحق، ایک زخمی   ہوگیا۔ ہلاک ہونے والے دونوں بہن بھائی میٹر ک کا پیپر دینے امتحانی سنٹر جا رہے تھے۔ کوٹ لکھپت کے علاقہ گوالہ کالونی کے رہائشی حاکم علی کا 15 سالہ بیٹا توفیق اور 16 سالہ بیٹی فاطمہ میٹرک کے طالبعلم تھے۔ گزشتہ روز فاطمہ اور توفیق اپنے بھائی صدیق کے ساتھ موٹر سائیکل پر میٹرک کا پیپر دینے امتحانی سنٹر جا رہے تھے انہیں تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے ٹکرمار دی جس سے 16 سالہ فاطمہ اور 15 سالہ توفیق موقع پر ہی ہلاک جبکہ صدیق شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس نے زخمی صدیق کو طبی امداد کے لئے ہسپتال پہنچا دیا اورٹریکٹر ٹرالی کو قبضے میں کر ڈرائیور کو گرفتار کر  لیا ہے۔ نعشیں گھر پہنچتے ہی کہرام مچ گیا اور ماں کو غشی کے دورے پڑتے رہے جبکہ علاقہ میں سوگواری کی فضاء چھا گئی۔ علاوہ ازیں ہسپتال میں زخمی صدیق کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔بعدازاں ورثاء نے واقعہ کو اتفاقی حادثہ قرار دیتے ہوئے ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور کو معاف کر دیا ہے۔