خان پور نہر پر بننے والی سیرگاہ اور دکانوں کے کرایوں میں خورد برد کا انکشاف

فیروز والا (نامہ نگار) لاہور روڈ پر خان پور نہر پر بننے والی سیرگاہ اور دکانوں کے کرایوں کی وصولی میں لاکھوں روپے کی خورد برد کا انکشاف ہوا ہے جس میں فیروز والا کے سابقہ ٹی ایم اے اور دیگر افسران اور اہلکار ملوث بتائے گئے ہیں۔ نیب پنجاب نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ محکمہ انہار اور حکومت پنجاب کو روزانہ لاکھوں روپے کا نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ نیب پنجاب نے یہ ہدایت صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن کے پی ایس او مرتضٰی نیازی کی تحریری درخواست پر جاری کی۔ اس درخواست میں کہا گیا تھا کہ نہر اپر چناب لاہور روڈ کے مقام پر محکمہ انہار کی ملکیتی اراضی ہے جس پر ٹی ایم اے اور موجودہ بلدیہ کے عملہ نے ہوٹل اور ریسٹورنٹ بنانے کی اجازت دی ہے جن کے مالکان کے پاس محکمہ انہار کا این او سی موجود نہیں۔ یہاں سے اکٹھا ہونے والا کرایہ افسران بانٹ رہے ہیں۔ دریں اثناء بلدیہ کے ذرائع نے ان الزامات کی تصدیق نہ کی ہے۔