انفارمیشن ٹیکنالوجی سے پنجاب پولیس کو سمارٹ پولیسنگ سے ہم آہنگ کیاہے: عارف نواز

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موثر استعمال نے پنجاب پولیس کے نظام کو سمارٹ پولیسنگ کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں فرانسیسی سفارت خانے کے دو رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔ فرانسیسی وفد میں ڈپٹی پولیس اتاشی فرینٹز نیاؤ اور اتاشی برائے سیکیورٹی ڈی ڈیئروینولس شامل تھے ،فرانسیسی وفد نے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم ، فرنٹ ڈیسک کے سنٹرلائزڈ مانیٹرنگ سسٹم سمیت آئی ٹی کے پراجیکٹس کا معائنہ کیا ۔ فرانسیسی وفد نے پنجاب پولیس کی آئی ٹی اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں آئی ٹی نظام کو اپنائے بغیر کمیونٹی پولیسنگ کا حصول ممکن نہیں اور دہشت گردی پر قابوپانے میں پنجاب پولیس کی قربانیوںکو قابل ستائش قرار دیا ۔