آن لائن میگزین کا خاتون لکھاری امبر شاہد کو مقررہ معاوضہ دینے سے انکار‘ وزیراعلیٰ سے نوٹس کی اپیل

لاہور (نامہ نگار) انٹرنیٹ پر نو سرباز مافیا نے لکھاریوں اور ادیبوں سے بھی فراڈ کرنا شروع کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق خاتون لکھاری و صحافی امبر شاہد نے بتایا کہ اس نے انٹرنیٹ پر ایک آن لائن میگزین کا معاہدہ کیا اور میگزین کے لئے باقاعدگی سے متعدد مضامین بھی لکھے مگر بعدازاں میگزین انتظامیہ نے اسے مضامین لکھنے پر طے شدہ معاوضہ دینے سے انکار کر دیا ہے۔ متاثرہ لکھاری امبر شاہد نے کہا ہے کہ معاوضہ دینے کی بجائے الٹا اسے میگزین انتظامیہ دھمکیاں دے رہی ہے۔ وزیراعلیٰ اور حکام اس صورتحال کا نوٹس لیں اور ایسے سائبر کرائم کرنے والے مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور اسے اس کا طے شدہ معاوضہ دلایا جائے۔