عید میلاد النبیؐ پہ سکیورٹی انتظامات سخت، لاہور میں10 ہزار اہلکار تعینات

لاہور(سٹاف رپورٹر)نبی آخرالزمان حضرت محمدﷺ کا جشن ولادت بھرپور عقید ت و احترام سے منانے اور  صوبے بھر میں نکلنے والے 1491جلوسوں اور 1780 ہونے والی میلاد کی محفلوں کے شرکاء کو فول پروف سیکیورٹی کے لئے 75ہزار4سو 97پولیس افسروں اور اہلکاروں کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا ہے آئی جی خان بیگ کی سربراہی میں گذشتہ روز  ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں عید میلاد النبی ﷺ کے لئے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دی گئی ۔ سیکورٹی پلان کے مطابق9اور 10محرم الحرام والے SOPsکی پیروی کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے یہ طے کیا گیا کہ جشن عید میلادالنبی کے موقع پر آئی جی سے لے کر محرر تک ہر بندہ ڈیوٹی پر موجود رہے گا۔ دریں اثناء عید میلاد النبی  پر صوبائی دارالحکومت میں  سکیورٹی انتظامات فل پروف بنانے کے سلسلے میں  سی سی پی او لاہور چوہدری شفیق احمد کی زیر صدارت پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میںبھی اجلاس ہوا۔  جس میں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذوالفقار حمید، ڈی آئی جی آپریشنز رانا عبدالجبار ،سی ٹی او سہیل چوہدری ، ایس ایس پی آئی اینڈ ڈی سہیل سکھیرا، ایس ایس پی ایڈمن رانا شہزاد اکبر ،ایس پی سکیورٹی علی سلمان، ایس پی ہیڈ کوارٹرز معروف واہلہ اور آپریشنز اینڈ انویسٹی گیشن کے تمام ایس پیز نے شرکت کی ۔ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ 12 ربیع الاول کے دن شہر کے مختلف علاقوں سے نکلنے والے چھوٹے بڑے قریبا 150 جلوسوں کی سکیورٹی کے 10 ہزار افسران اور پولیس اہلکار فرائض سر انجام دیں گے۔ سی سی پی او نے ڈی آئی جی آپریشنز سمیت تمام ایس پیز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے علاقے میں جلوسوں کے منتظمین سے قریبی رابطہ رکھیں اور جلوسوں کے شروع اورختم ہونے کے اوقات پر من و عن عمل کرائیں ۔