الخدمت فائونڈیشن کا ’’حقوق یتامیٰ‘‘ سیمینار کانفرنسوں کا اہتمام

لاہور (پ ر)  الخدمت فائونڈیشن سمیت یتیم بچوں کی کفالت کرنے والے دیگر اداروں نے ’’پاکستان فورم برائے حقوق یتامیٰ‘‘   کے پلیٹ فارم کے تحت ملک بھر میں ’’یوم حقوق یتامیٰ‘‘ منایا۔ اس سلسلے میں ملک بھر میں آگاہی واک‘ سیمینارز‘  کانفرنس اور تعلیمی اداروں میں خصوصی لیکچرز پر مبنی پروگرامات کا انعقاد کیا گیا۔ لاہور میں الخدمث  فائونڈیشن کے زیراہتمام جیلانی پارک سے چلڈرن لائبریری کمپلیکس تک حقوق یتامیٰ آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں معروف شاعر امجد اسلام امجد‘ اختر عباس‘ سکولوں کے بچوں اور این جی اوز کے نمائندگان سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل محمد عبدالشکور نے کہا کہ ’’یوم حقوق یتامیٰ‘‘  منانے کا مقصد معاشرے میں یتیم بچوں کے مسائل اور ان کی کفالت جیسی اہم ذمہ داری کا شعور اجاگر کرنا ہے۔ یتیم بچوں کی کفالت کسی ایک فراد یا ادارے کی نہیں بلکہ معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ ربیع الاول  حضور اکرمؐ سے محبت اور عقیدت کا مہینہ ہے اور حضور اکرمؐ  نے یتیموں سے شفقت اور کفالت کی تلقین کی ہے۔ اس موقع پر امجد اسلام امجد نے کہاکہ ’’یوم حقوق یتامیٰ‘‘ اس عزم کا دن ہے کہ ہمارے معاشرے کا کوئی بھی یتیم بے سہارا نہ رہے اور ہم معاشرے کے یتیم بچوں کو بلا تعصب رنگ و نسل اور مذہب اپنے بچوں کی طرح عزیز رکھیں اور ان کے مسائل کو سمجھتے ہوئے ان کی تعلیم و تربیت پر توجہ دیں۔