لاہور: متعدد ڈاکے‘ چوریاں‘ شجاع آباد: بنک سے 7 کروڑ کا سونا لوٹا گیا
لاہور ، ملتان (نامہ نگاران) شہرکے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹرسائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ مزاحمت کرنے پر ایک شہری کو تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کر دیا ہے۔ جوہرٹائون میں دو ڈاکوؤں نے قیصر کی دکان میں گھس کر 42 ہزار نقدی لوٹنے کے بعد مزاحمت کرنے پر قیصر کو تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کردیا اور فرار ہو گئے ۔ ڈاکوؤں نے کوٹ لکھپت میںآصف کے گھر سے 7 لاکھ مالیت، اچھرہ میں اسلم کے گھر سے5 لا کھ مالیت، سمن آباد میں نعیم کے گھر سے3 لاکھ مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، لو ئرمال میںحنیف کی فیملی سے 3 لاکھ مالیت، نشتر کالو نی میں شبیر کی فیملی سے 2 لاکھ مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون، کاہنہ میں عطاء سے 78 ہزار روپے اور موبائل فون‘ شاہدرہ میں شہزاد سے 55 ہزاراور موبائل فون، اسلام پورہ میں ندیم سے 45 ہزار اور موبائل فون،گجر پورہ میں عمر سے 40ہزار اور موبائل فون، مغلپو رہ میں احمد حسن سے 32 ہزار اور موبائل فون لوٹ لیاہے۔ چوروں نے ڈیفنس سی وائے بلاک میں کرنل ( ر) شہباز کے گھر سے 7 لاکھ روپے مالیت کی نقدی، زیورات و دیگر سامان چوری کرلیا ہے۔ چوروں نے ماڈل ٹائون سے اشتیا ق، ہنجروال میں کرامت کی گاڑیاں جبکہ یکی گیٹ سے فرحا ن، لاری اڈا سے اظہار، گارڈن ٹا ئو ن سے احمد‘ مغلپو رہ سے افتخار، فیصل ٹائون سے سرور کی موٹرسائیکلیں چوری کر لی ہیں۔ علاوہ ازیں شجاع آباد‘ سکندرآبا د اور ملتان سے خبرنگار‘ نامہ نگار‘ کرائم رپورٹر کے مطابق شجاع آباد کی تاریخ سے سب سے بڑی ڈکیتی چھ ڈکیت دن دہاڑے بنک سے7 کروڑ کا سونا اور 45 ہزار نقدی لوٹ کر آسانی سے فرار ہوگئے۔ گزشتہ روز شجاع آباد غلہ منڈی میں چھ ڈاکو شہر کے وسط میں موجود پنجاب کوآپرٹیو بنک میں دن دہاڑے داخل ہوگئے۔ ڈاکوئوں نے بنک کے گن مین اور عملے کو یرغمال بنالیا اور بنک کے منیجر سے لاکرز کی چابیاں لیکر 7 کروڑ مالیت کا سونا‘ 45 ہزار نقدی اٹھا کرلے گئے۔ بنک کے منیجر محمداکرم نے صحافیوںکو بتایا کہ ڈاکو جاتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمرے اور ڈیوائس‘ عملے اور بنک میں موجود صارفین کے موبائل فون بھی چھین کرلے گئے۔ بنک ڈکیتی کی اطلا ع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ سی پی او ملتان نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ امید ہے کہ ہم بہت جلد ڈاکوئوںکو گرفتارکرلیں گے۔ ذرائع کے مطابق شجاع آباد بنک میں ہونے والی ڈکیتی کا آئی جی پنجاب نے بھی نوٹس لیکر آرپی او ‘سی پی او ملتان سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔