لیسکو کی غفلت، کرنٹ لگنے سے 5 سالہ بچی اور میٹرک کا طالب علم جاں بحق، ورثاء کا احتجاج

لیسکو کی غفلت، کرنٹ لگنے سے 5 سالہ بچی اور میٹرک کا طالب علم جاں بحق، ورثاء کا احتجاج

لاہور (نامہ نگار) شہر کے مختلف علاقوں میں لیسکو کی غفلت سے کرنٹ لگنے سے 5 سالہ بچی اور میٹرک کا 16سالہ طالبعلم کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گئے جس پر ورثاء اور اہل علاقہ نے شدید احتجاج کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے  شمالی چھائونی کے علاقہ گلدشت ٹائون کے رہائشی مشتاق کی 5 سالہ بچی جویریہ گلی میں کھیل رہی تھی۔ گلی میں ٹرالی پر رکھے ہوئے ٹرانسفارمر کے ساتھ چھو جانے سے اُسے کرنٹ لگ گیا اور وہ جھلس کر موقع پر ہی ہلاک ہو گئی،  بچی کی ہلاکت پر گھر میں کہرام مچ گیا اور ماں صدمے سے بے ہوش ہو گئی۔ اس واقعہ پر ورثاء اور اہل علاقہ نے مشتعل ہوکر روڈ بلاک کرکے لیسکوکے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے اس واقعہ پر اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ بادامی باغ کے علاقہ قلعہ لچھمن سنگھ روٹی پلانٹ کے قریب رہائش پذیر حسان خان کا 16سالہ بیٹا میٹرک کا طالبعلم احسان خان چھت پر کھڑا تھا چھت کے اوپر سے گزرنے والی ہائی وولٹیج کی بجلی کی تاروں سے سر چھو جانے سے اُسے کرنٹ لگ گیا اور وہ جھلس کر موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش قبضے میںلے لی اور ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثا کے حوالے کر دی ہے۔ نوجوان کی ہلاکت پر گھر میں کہرام مچ گیا اورعلاقہ میں سوگواری کی فضاء چھا گئی ہے۔