لاہور: ڈیڑھ کروڑ سے زائد کی وارداتیں، پتوکی میں ڈاکوئوں نے ایک شخص مار ڈالا

لاہور: ڈیڑھ کروڑ سے زائد کی وارداتیں، پتوکی میں ڈاکوئوں نے ایک شخص مار ڈالا

لاہور+ پتوکی + فیروز والا (نامہ نگاران) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں وارداتوں کے دوران شہریوں کو ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد کے مال اور گاڑیوں سے محروم کردیا گیا جبکہ پتوکی میں ڈاکوئوں نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل دوسرے کو زخمی کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈیفنس بی ایل بلاک کے رہائشی عمران کے گھر سے 62لاکھ کی نقدی، زیورات اور دیگر سامان چوری ہوگیا۔ شمالی چھائونی میں ندیم اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ ضرار شہید روڈ پر واقع بنک سے 38لاکھ10 ہزارروپے رقم نکلوا کر باہر نکلا اورگاڑی میں بیٹھنے لگا تو ایک ڈاکو نے گن پوائنٹ پر یرغمال بنا لیا اور اس کی گاڑی میں بیٹھ گیا۔ اس نے گاڑی ہربنس پورہ پھاٹک کے قریب لے جاکر رکوا لی۔ جہاں اس کے دوساتھی پہلے سے موجود تھے۔ تینوں ڈاکو رقم لوٹ کر فرار ہو گئے۔ ڈاکوؤں نے گرین ٹائون ڈی ٹو میں ذیشان اور اس کی فیملی سے 9لاکھ 90ہزار روپے مالیت، سمن آباد این بلاک میں حسنین اور اس کی فیملی سے6لاکھ، باغبانپورہ خضر آباد میں ارشاد کے گھر سے5 لاکھ، جنوبی چھائونی نشاط کالونی میں عزیز کے گھر 3 لاکھ کی نقدی، طلائی زیورات،موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ڈاکوؤں نے اقبال ٹائون میں عسکری بنک کے باہرکرنل سلمان اور صدیق سے 11لاکھ50ہزارروپے،سبزہ زار مین بلیوارڈ میں ایوب سے2لاکھ، نصیر آباد گلبرگ تھرڈ میں افتخار سے ڈیڑھ لاکھ اور موبائل فون، ہربنس پو رہ میں رفیق کی مٹیریل کی دکان سے ڈیڑھ لاکھ اور موبائل فون، نواب ٹائون ویلنشیا بائی پاس پر شاہ خالد کی دکان سے ایک لاکھ 35 ہزار اور موبائل فون، گارڈن ٹائون عثمانی روڈ پر خالد سے 60ہزار اور موبائل فون، ٹائون شپ آئیڈیل پارک میں اکرم سے 60ہزار اور موبائل فون،رائیونڈ میں لاہورروڈ پر جاوید سے 50ہزارروپے اور موبائل فون، فیکٹری ایریا ملت روڈ پر سجاد سے موٹرسائیکل،ہزاروں روپے نقدی اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے ٹائون شپ سے انوار،گجر پورہ سے خادم، کوٹ لکھپت سے محبوب کی کاریں جبکہ شاہدرہ سے وقار،گڑھی شاہو سے نعیم،سول لائن سے فیضان، لوئر مال سے توفیق،شادباغ سے اشتیاق،مصری شاہ سے طارق،غازی آباد سے حنیف، جنوبی چھائونی سے اکرم،سرور روڈسے طارق،شمالی چھائونی سے وقار،فیصل ٹائون سے آصف، کاہنہ سے آصف، نشترکالونی سے صدیق، لیاقت آباد سے اصغر،چوہنگ سے منیر، جوہرٹائون سے جنیدکی موٹرسائیکلیں چوری کر لی ہیں۔علاوہ ازیں ریس کورس کے علاقہ حبیب اللہ روڈ پر مقامی اخبار کے ڈپٹی چیف رپورٹر انصار زاہد سے 3 ڈاکوئوں نے گن پوئنٹ پر 70 ہزار روپے، لیپ ٹاپ اور موبائل فون لوٹ لیا۔ شادباغ کے علاقہ میں چوروں نے خانہ بدوش محمد حسین، وقار اور علی کی جھگیوں سے ہزاروں روپے مالیت کی گندم چوری کرلی۔ ادھر پتوکی کے علاقے گھڑیالہ ولٹوہا کے رہائشی امام مسجد کو ڈاکو لوٹ کر فرار ہو رہے تھے کہ وہاں پر موجود عبدالغفور اور اسکے بھائی نے ڈاکوئوں کا پیچھا شروع کردیا جس پر ڈاکوئوںنے ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں عبدالغفور دم توڑ گیا اور بھائی اویس شدید زخمی ہوگیا۔ ادھر شاہدرہ میں ڈاکوئوں نے انوسٹی گیشن سیل لاہور میں تعینات سب انسپکٹر ارشاد احمد کے گھر سے لاکھوں روپے مالیت کے زیورات، نقدی دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوئوں نے اہل خانہ کو یرغمال بنالیا اور لوٹ مار کے بعد فرار ہوگئے۔