سابق ایم این اے احمد رضا کے بیٹے کے قتل میں ملوث 2 ملزم گرفتار، دونوں بھائی پیشہ ور ڈاکو ہیں: پولیس

لاہور (نامہ نگار) لاہور پولیس نے سابق ایم این اے احمد رضا پرویز کے بیٹے محمد عمر کے قتل میں ملوث ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ جوہر ٹاؤن میں کچھ عرصہ پہلے سابق رکن قومی اسمبلی احمد رضا کے بیٹے عمر کی نعش زیر تعمیر پلازہ کے باہر گاڑی سے ملی تھی۔ ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ عمر کو نامعلوم افراد نے اغوا کے بعد تاوان نہ ملنے پر قتل کیا تاہم پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے دونوں ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزموں نے 36 ہزار لوٹنے کے بعد عمر کو قتل کر دیا تھا۔ گرفتار ملزم پیشہ ور ڈاکو اور بھائی ہیں۔ پولیس نے دونوں کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ مقتول عمر لاہور میں تعینات ایس پی عمارہ اطہر کا بھی قریبی عزیز تھا۔