اینٹی کار لفٹنگ سٹاف کے 2 انچارج ناقص کارکردگی پر تبدیل‘ متعدد کو مہلت

لاہور (نامہ نگار) ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور رانا ایاز سلیم نے اینٹی کار لفٹنگ وہیکل سٹاف سے میٹنگ کے دوران کارکردگی تسلی بخش نہ ہونے پر دو ڈویژنوں کے انچارچز کو انویسٹی گیشن ہیڈ کوارٹر میں کلوز کر دیا اور 15 تھانیداروں کو شوکاز نوٹسز اور مختلف سزائیں دیں جبکہ ایک انچارج سمیت اینٹی کارلفٹنگ سٹاف کی تینوں ڈویژنوں کے افسران و اہلکاروں کو کارکردگی بہتر بنانے کے لئے 15یوم کی مہلت دیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے اینٹی کارلفٹنگ سٹاف کی تینوں ڈویژنوں میں ڈی ایس پیز تعینات کرنے کی سفارش کر دی۔ انچارج صدر ڈویژن انسپکٹر جاوید ورک اور انچارج سٹی ڈویژن انسپکٹر یعقوب اعوان کو انویسٹی گیشن ہیڈ کوارٹر رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا جبکہ انچارج ماڈل ٹائون انسپکٹر میاں ثاقب سمیت اینٹی کارلفٹنگ سٹاف کو 15دن کا ٹائم دیا۔ انہوں نے دو ڈی ایس پیز آفتاب پھلروان اور میاں اطہر فاروق کو اینٹی کارلفٹنگ سٹاف میں تعینات کروانے کے لئے سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس کو سفارش کر دی۔