آئی ٹی سسٹم کو مانیٹر کرنے کیلئے ٹیکنیکل سپروائزر بھرتی کر رہے ہیں: مشتاق سکھیرا

لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے کہا ہے کہ آئی ٹی سسٹم کو سپروائز اور مانیٹر کرنے کے لئے تمام اضلاع میں ٹیکنیکل سپروائزر بھرتی کئے جا رہے ہیں ،جو تھانوں میں قائم کئے گئے فرنٹ ڈیسک کے عملہ اور تھانوں میں زیر استعمال کمپیوٹر سسٹم کی دیکھ بھال کے فرائض سرانجام دیں گے۔یکم جنوری 2017 سے روزنامچہ اور ایف آئی آر کا نظام آن لائن کئے جانے کے بعد تمام ڈی پی اوز کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس سسٹم کو روزانہ کی بنیاد پر نہ صرف مانیٹر کریں بلکہ ان کی سپرویژن کا بھی خاص خیال رکھا جائے فرنٹ ڈیسک پر کام کرنے والے پولیس سٹیشن اسسٹنٹ ابھی چونکہ نئے ہیں اوروہ قانونی پیچیدگیوں سے بھی پوری طرح واقف نہیں لہذا تھانے کا ریکارڈ کمپیوٹرائز کرتے وقت تمام انٹریز محرر اور تفتیشی افسران ان کے پاس بیٹھ کر خود کروائیں تاکہ ریکارڈ کی کمپیوٹر میں منتقلی کے دوران کوئی قانونی سقم پیدا نہ ہو ۔آئی جی نے سینٹرل پولیس آفس میں آر پی اوز ، ڈی پی اوز کے ساتھ ویڈیو لنک کانفرنس کے دوران کہی۔