پنجاب: عدالتی نظام میں اصلاحاتی عمل کا آغازکر دیا گیا

لاہور(آن لائن)عدالت عالیہ کے ریفارم جج نے عدلیہ میں اصلاحاتی عمل کو شروع کر دیا۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس خواجہ امتیاز احمدکی جانب سے مقرر کردہ فاضل ریفارم جج نے انصاف کی جلد فراہمی اور سائلین کی مشکلات کے ازالہ کیلئے صوبہ کے عدالتی نظام میں اصلاحاتی عمل کا آغاز کر دیا ہے۔ مذکورہ مشق کا مقصد میرٹ کی بنیاد پر تیزی سے مقدمات کا فیصل کرنا اور لوگوںکو ریلیف فراہم کرنا ہے۔فاضل ریفار م جج سید منصور علی شاہ نے روزانہ کی بنیاد پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے طویل ملاقاتیں کیں، جن میں عدالت عالیہ کے تمام شعبہ جات کے سربراہان، ضلعی عدلیہ کے ججوں، بار ایسوسی ایشنوں کے عہدیداروں، سینئر وکلاء  حتیٰ کہ بار کلرکس اور منشیوں سے بھی تجاویز و سفارشات طلب کی ہیں۔ مزید برآں اصلاحاتی اقدامات سے قبل ملکی و غیر ملکی عدالتوں کے طریقہ کار کا بھی جائزہ لے کر اس سے استفادہ کیا جائے گا اور لاہور ہائی کورٹ اور ضلعی عدلیہ میں دوررس نتائج کی حامل اصلاحات لائی جائیں گی۔