ہائیکورٹ: حبس بیجا کی درخواست خارج، پولیس ملزم کو گھسیٹتے ہوئے ساتھ لے گئی

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے شہری کو حبس بے جا میں رکھنے کیخلاف درخواست خارج کردی۔ عدالتی فیصلے کے بعد پولیس ملزم کوگھسیٹتے ہوئے احاطہ عدالت سے اپنے ساتھ لے گئی۔ فاضل عدالت کے روبرو درخواست گزار خالدہ پروین نے بتایا کہ گجرات پولیس نے اسکے بیٹے سجاد کو غیر قانونی حراست میں رکھا ہوا ہے۔ عدالتی حکم پر پولیس نے سجاد کو عدالت میں پیش کرکے موقف اختیار کیا کہ سجاد کو قتل کے الزام میں گرفتار کیا ہے اور اس حوالے سے ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج ہوچکی ہے جس کے بعد اب اسے مقامی عدالت میں پیش کیا جائیگا۔ عدالت نے پولیس کا موقف سننے کے بعدخالدہ پروین کی درخواست خارج کردی جس کے بعد پولیس ملزم سجاد کو گھسیٹتے ہوئے اپنے ساتھ لے گئی جبکہ ملزم کی والدہ احاطہ عدالت میں واویلا کرتی رہی اور چیخ و پکار سے سائلین کی بڑی تعداد بھی جمع ہوگئی۔