لندن پلٹ شخص کو لوٹنے والے ڈاکو گرفتار، چھینے گئے10لاکھ برآمد

لاہو(نامہ نگار) سی آئی اے پولیس نے لندن سے پاکستان آنے والے شہری صلاح الدین اور اس کے والدچوہدری عبدالعزیز کونیشنل سیونگ سنٹر سے رقم نکلوا کر جاتے ہوئے گن پوائنٹ پر 10 لاکھ روپے لوٹنے کی واردات میں ملوث ڈاکوئوں کو گرفتار کر کے ان سے لوٹی ہوئی رقم برآمد کر لی ہے ۔ یہ بات کمشنر اورسیز کمیشن افضال بھٹی نے گزشتہ روزاوورسیز کمیشن کے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران بتائی ۔اس موقع پر ڈائریکٹر پولیس اوورسیز کمیشن کیپٹن(ر)سید احمد مبین ، ڈی جی اوورسیز کمیشن خواجہ دائود ،ایس پی سی آئی اے محمد عمرورک بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ 18مارچ کو لندن سے آئے شہری صلاح الدین سے ڈکیتی کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر)محمد امین وینس کو واردات کا سراغ لگا کر ڈاکوئوں کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ۔ سی سی پی او نے قائمقام ڈی آئی جی انویسٹی رانا ایاز سلیم اورایس پی سی آئی اے محمد عمرورک کو ڈاکوئوں کی گرفتاری کاحکم دیا۔محمد عمر ورک نے پولیس ٹیم کے ہمراہ شب و روز محنت کے بعد ڈاکوئوں کو گرفتار کے ان سے مسروقہ10 لاکھ روپے برآمد کر لیے۔ کمشنر نے کہا کہ لاہور پولیس نے بہت اچھا کام سرانجام دیاہے  ۔