لاکھوں کی وارداتیں، مزاحمت پر خاتون زخمی، 3 ڈاکو فرار کرانے پر 2 ا ہلکار معطل

لاہور+ فیروزوالا (نامہ نگار) لاہور میں لاکھوں کے ڈاکے، مزاحمت پر تشدد سے خاتون کو زخمی کر دیا۔ جوہر ٹائون میں ڈاکٹرز ہسپتال کے قریب بیرون ملک سے آنے والی خاتون رفعت سے دو ڈاکوئوں نے 500 پائونڈ اور 40 ہزار روپے چھیننے کے بعد اسے مزاحمت پر پسٹل کے بٹ مار کر شدید زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے۔ ڈاکوؤں نے ڈیفنس اے ڈبلیو بلاک کے نعیم کے گھر گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغما ل بنا کر 8 لاکھ روپے، قائداعظم انڈسٹریل ایریا اے ٹو ٹائون شپ کے عامر کے گھر سے5لاکھ روپے، شمالی چھائونی میں سعید اور اس کی فیملی سے ڈیڑھ لاکھ روپے کی نقدی، طلائی زیورات،موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ ڈاکوؤں نے سٹی رائیونڈ میں اللہ یار کے ڈرائیور سے30لاکھ روپے مالیت کا ٹرک اور نقدی، نواب ٹائون میں تنویر سے 5 لاکھ، گرین ٹائون میں مختار سے ایک ہزارامریکی ڈالرز اور 65 ہزار روپے، مناواں میں شان سے چار سو یورو اور 45ہزارروپے، نواں کوٹ کے علاقہ میں خدا بخش روڈ پر واقع بابر کے جنرل سٹور سے3 لاکھ روپے اور موبائل فون، گوالمنڈی نسبت روڈ پر شفیق کی دکان سے2 لاکھ، موبائل فون، مسلم ٹائون میں نصیر اور اس کے دوستوں سے سوا لاکھ اور 3موبائل فون، مسلم ٹائون میں ہارون سے 51ہزار، اقبال ٹائون میں نوید سے 30ہزار، کاہنہ میں عباس سے 40ہزار، چوروں نے ڈیفنس اے میں یاسر کے گھر سے 26لاکھ روپے جبکہ قائداعظم انڈسٹریل ایریا میں زین کے گھر10 لاکھ روپے کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ چوروں نے ڈیفنس اے سے سلیم ، شادمان سے شاہد،کوٹ لکھپت سے عدیل کی کاریں جبکہ کاہنہ سے محمود، باٹا پور سے امتیاز، ڈیفنس بی سے فاروق، فیکٹری ایریا سے ابرار ،قلعہ گجر سنگھ سے طارق، مغلپورہ سے سلمان، مزنگ سے ذوہیب، شاہدرہ سے عابد، نشتر کالونی سے ساجد، اسلام پورہ سے ارشد، شاد باغ سے عدنان، نواں کوٹ سے نبیل، مسلم ٹائون سے ماجد، ٹائون شپ سے اعجاز، سبزہ زار سے اسلام دین، شادمان سے حسن کی موٹر سائیکلیں چوری کر لی ہیں۔ علاوہ ازیں ایس ڈی پی او اقبال ٹائون سرکل اور ایس ایچ او تھانہ اقبال ٹائون نے مبینہ طور پر بھاری رشوت لیکر سنگین نوعیت کی وارداتوں میں ملوث 3 ڈاکوئوں کو فرار کروا دیا، ڈی آئی جی آپریشن لاہور ڈاکٹر حیدر اشرف نے واقعہ کا علم ہونے پر ایس ڈی پی او اقبال ٹائون سرکل اورایس ایچ او تھانہ اقبال ٹائون کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کروانے کا حکم دیا جبکہ ایک اے ایس آئی اور تھانہ کے محرر کو معطل کرکے ایس پی اقبال ٹائون کو ان کے خلاف انکوائری کا حکم دیا ہے۔ ڈی ایس پی کا ریڈر اور تھانے کا عملہ واقعہ کو چھپاتے رہے۔ تھانہ اقبال ٹائون میں تعینات ایک اے ایس آئی محسن نے چند روز قبل تین خطرنا ک ڈاکوئوں کو پکڑا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ایس ڈی پی او اقبال ٹائون رانا غلام شبیر ،ایس ایچ او تھانہ اقبال ٹائون محمد رضا، اے ایس آئی محسن اور محرر اکبر نے ڈاکوئوں سے مبینہ طور پر بھاری رشوت لیکر ان کو تھانے سے فرار کروا دیا جس پر ڈی آئی جی آپریشن لاہور ڈاکٹر حیدر اشرف نے واقعہ کا علم ہونے پر ایس ڈی پی او اقبال ٹائون سرکل اورایس ایچ او تھانہ اقبال ٹائون کے خلاف سخت محکمانہ کروائی کروانے کا حکم دیا جبکہ ایک اے ایس آئی اور تھانہ کے محرر کو معطل کر کے ایس پی اقبال ٹائون کو ان کے خلاف انکوائری کا حکم دیا ہے۔علاوہ ازیں فیروزوالا میں شاہدرہ اور جی ٹی روڈ پر خان پور نہر کے قریب ڈاکوئوں نے گن پوائنٹ پر بلال اور اسکے ساتھی کو روک کر لوٹ لیا۔ ڈاکو تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے موبائل فون چھین کر لے گئے۔ فیض پور کے قریب ڈاکوئوں نے دکاندار طالب علم کو جان سے مار دینے کی دھمکی دیکر 95 ہزار روپے موبائل چھین لیا۔ منوں آباد اور سگیاں کے قریب غلام قادر اور مومن شاہ کو لوٹ لیا، نقدی، موبائل چھین کر لے گئے۔ نبی پور کے قریب ڈاکوئوں نے ذوالفقار سے رقم، موبائل چھین لیا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔