پراسیکیوٹرز کی بحالی کی درخواست پر پبلک سروس کمیشن کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد کی ہدایت

لاہور(وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ کے جسٹس اعجازالاحسن نے برطرف اٹھائیس پراسکیوٹرز کی بحالی کے لئے دائر درخواست پر پنجاب پبلک سروس کمیشن کی سیکرٹری کوعدالتی احکامات پر عمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کارکردگی رپورٹ سمیت طلب کر لیا۔ ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزاروں کے وکیل نے دلائل دیئے کہ عدالت عالیہ کے فیصلے کے باوجود سیاسی بنیادوں پر فارغ کئے گئے اٹھائیس کنٹریکٹ پراسکیوٹرز کو انکے عہدوں پر بحال نہیں کیا گیا اور نہ ہی پی پی ایس سی نے اس حوالے سے اپنی سفارشات بھجوائیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ برطرف پراسکیوٹرزکے کیس کا از سر نو جائزہ لینے کی بجائے ان کی اہلیت دیکھ کراپنی سفارشات پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کو بھجوائیں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت گیارہ جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے کارکردگی رپورٹ سمیت طلب کر لیا۔