تشدد سے شہری کی ہلاکت، ہائیکورٹ کا پولیس کیخلاف مقدمہ درج کرکے کل نقل پیش کرنے کا حکم

لاہور(وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے تشدد کر کے شہری کو ہلاک کرنے پر پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے مقدمہ کی کاپی کل عدالت میں طلب کر لی۔ جسٹس مظہر اقبال سدھونے کیس کی سماعت کی۔درخواست گذار نور محمد نے موقف اختیار کیا کہ تھانہ وریام سرگودھا کے پولیس اہلکاروں نے جاوید نامی شہری کو حبس بیجا میں رکھا اور تشدد کرکے ہلاک کر دیا۔ سرکاری وکیل خاور اکرام بھٹی نے عدالت کو بتایا کہ متوفی کی والدہ زبیدہ بی بی کی درخواست پر پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔درخواست گزار نے فاضل عدالت کو آگاہ کیا کہ پولیس نے اپنے پیٹی بند بھائیوں کو بچانے کے لئے عام شہری کے خلاف جھوٹی ایف آئی درج کی۔