لاہور: 20 لاکھ سے زائد کا مال لوٹ لیا، قصور میں ڈاکوئوں نے 2 شہری مار ڈالے

لاہور: 20 لاکھ سے زائد کا مال لوٹ لیا، قصور میں ڈاکوئوں نے 2 شہری مار ڈالے

لاہور (نامہ نگاران) لاہور میں مختلف وارداتوں کے دوران شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں ، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا گیا۔ ڈاکوؤں نے فیکٹری ایریا کے علاقہ علی کالونی اسلام نگر میں نیاز کے گھر گھس کر اہل خانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 6لاکھ روپے، ڈیفنس اے اقبال پارک میں شہباز کے گھر سے 5لاکھ روپے، زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوؤں نے فیصل ٹائون بی بلاک میں صہیب سے 60ہزار، موبائل فون اور موٹر سائیکل، اسلام پورہ آئوٹ فال روڈ پر اویس کی دکان سے 57ہزارروپے اور موبائل فون، کاہنہ کشمیر پتی میں سرفراز سے 85ہزار روپے اور موبائل فون، سٹی رائیونڈ پارک روڈ پر وقاص سے 72 ہزار روپے اور موبائل فون، ساندہ میں ڈاکوئوں نے واحد سے 50ہزارروپے اور موبائل فون مالیت کی نقدی و موبائل، ستوکتلہ میں مشرف سے 70ہزار روپے اور موبائل فون، مغلپورہ میں وقاص سے 18ہزار روپے اور موبائل فون، جوہر ٹائون میں طارق سے 16ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے ستوکتلہ سے سیف، ٹائون شپ سے کامران کی کاریں جبکہ ماڈل ٹائون سے عبد الماجد، کوٹ لکھپت سے نور جوہر ٹائون سے سرور، پرانی انارکلی سے زبیر، باغبانپورہ سے جمیل، اسلام پورہ سے وقاص، شاہدرہ ٹائون سے خالد، وحد ت کالونی سے ذیشان، مسلم ٹائون سے حسن، ساندہ سے سلطان کی موٹر سائیکلیں چوری کر لی ہیں۔ قصور کے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق گرد و نواح میں ڈکیتی اور چوری کی دو مختلف واقعات میں ڈاکوئوں کی فائرنگ سے 2 شہری ہلاک ہو گئے۔ گجن سنگھ والا میں چار چوروں نے احسن نامی شخص کی دکان کے تالے توڑ کر وہاں سے سامان نکالا اور ریڑھے پر رکھ کر جانے لگے تو گائوں کے زبیر نامی شخص نے انہیں دیکھ لیا اور شور کرنے لگا جس پر چوروں نے فائرنگ کر کے زبیر کو شدید زخمی کر دیا جو لاہور جنر ل ہسپتال جا کر دم توڑ گیا۔ پولیس تھانہ چھانگا مانگا نے مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ بہڑوال میں شہزاد نامی نوجوان گزشتہ رات اپنے گھر سے مال مویشیوں کی حویلی گیا تو راستے میں اسے روک کر گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔ پولیس تھانہ سرائے مغل نے مقتول کے والد عبدالرشید کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔ چھانگا مانگا کے نامہ نگار کے مطابق پولیس نے زبیر کے قتل کے مقدمہ میں ملزم حسن کو گرفتار کر لیا ہے۔ مزید برآں فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق ماچس فیکٹری شاہدرہ میں ڈاکوئوں نے ڈکیتی واردات کے دوران مزاحمت پر گولی مار کر فیکٹری کے ملازم نعیم کو زخمی کر دیا، لوٹ مار کر کے فرار ہو گئے۔ شاہدرہ ریسکیو کے عملے نے زخمی کو طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچایا۔ شاہدرہ ہسپتال میں خاتون چور نے لیڈی ڈاکٹر راجہ کے 6 لاکھ روپے مالیت کے زیورات، نقدی چوری کر لئے۔ کوٹ عبدالمالک کے قریب ڈاکوئوں نے موبائل کمپنی کے آفس میں گھس کر عملے کو یرغمال بنا کر 8 لاکھ روپے مالیت کی بیٹریاں لے کر فرار ہو گئے۔ بھلے اندرون میں خورشید کی حویلی سے لاکھوں روپے مالیت کے بکرے، مویشی چوری ہو گئے۔ میاں کالونی (بیگم کوٹ) ڈاکوئوں نے گن پوائنٹ پر نعیم احمد سے موٹر سائیکل موبائل چھین کر لے گئے۔ شرقپور خورد (کوٹ عبدالمالک) میں ڈاکوئوں نے محمد علی سے 17 ہزار روپے اور موبائل چھین لیا اور فرار ہو گئے۔ دوساکو چوک (کوٹ عبدالمالک) کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں نے کار سوار شاہد عل یسے تین لاکھ روپے کی رقم چھین لی۔