ملتان‘ مظفر گڑھ میں پولیس افسران کی میڈیکل سکریننگ کا عمل مکمل‘390 اہلکار ہیپاٹائٹس کا شکار

ملتان‘ مظفرگڑھ (کرائم رپورٹر‘ نامہ نگار)ڈسٹرکٹ پولیس لائنز ملتان میں پولیس افسران کی میڈیکل سکریننگ کا عمل مکمل ہو گیا۔کیمپ آئی جی پنجاب کی ہدایت کے مطابق اور محکمہ صحت کے تعاون سے لگایا گیا تھا۔ میڈیکل سکریننگ میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر شاہد بخاری، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ شہباز شریف ہسپتال ملتان ڈاکٹر زاہد اختر، سینئر میڈیکل آفیسر پولیس لائنز ملتان ڈاکٹر حسن رضا قریشی، ڈائریکٹر ڈسٹرکٹ ہیلتھ ڈیویلپمینٹ سنٹر ڈاکٹر ماریہ ممتاز، ڈاکٹر حبیب الرحمن، ڈاکٹر انجم اقبال اور ڈاکٹر اعجاز حسین نے حصہ لیا۔ جس میں 4604 پولیس افسران کے مختلف ٹیسٹ کئے گئے۔ میڈیکل سکریننگ کے بعد 129 افسران ہیپاٹائٹس بی، 247 ہیپاٹائٹس سی، 03 ٹی بی اور 873 افسران میں شوگر کا مرض تشخیص کیا گیا۔ہیلتھ سکریننگ کیمپ میں ہپٹائیٹس بی کی حفاظتی ویکسی نیشن بھی کی گئی۔ہپٹائیٹس سی میں مبتلا پولیس افسران کو صوبائی حکومت کے تعاون سے محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کی طرف سے ان کے گھر پر علاج کی ادویات فراہم کی جائیں گی جبکہ مظفرگڑھ سے نامہ نگار کے مطابق آئی جی پنجاب کی ہدایت مظفرگڑھ کی پولیس لائن میں میڈیکل فٹنس کیمپ جاری ہے،ہیلتھ فٹنس کیمپ میں ضلع بھر کے پولیس آفیسرز اور اہلکاروں کی فٹنس چیک کرنے کے علاوہ طبی عملہ اور سکریننگ کی جارہی ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر طارق کیمطابق کیمپ میں ہیپاٹائٹس،ٹی بی،ایڈز،شوگر کی سکریننگ اور فٹنس لیول چیک کیا جارہا ہے۔میڈیکل کیمپ میں تاحال 17سوسے زائد پولیس اہلکاروں کی سکریننگ مکمل ہوچکی ہے جس میں سے15سو زائد افراد کی ویکسینیشن بھی کردی گئی۔محکمہ صحت کے سکریننگ کیمپ میں 114اہلکارہیپاٹائٹس اور اور238شوگرکے مرض میں مبتلا نکلے۔پولیس اہلکاروں نے میڈیکل فٹنس کیمپ کو سراہا۔