لاہور: رکشہ الٹنے سے سلنڈر پھٹ گیا، ماں بیٹی زندہ جل گئیں

لاہور: رکشہ الٹنے سے سلنڈر پھٹ گیا، ماں بیٹی زندہ جل گئیں

لاہور (سٹاف رپورٹر) تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقہ میں تیزرفتاری کی وجہ سے رکشہ الٹنے کے باعث سلنڈر دھماکے سے ماں بیٹی جھلس کر جاں بحق ہو گئی جبکہ رکشہ ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس نے رکشہ ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی۔ معلوم ہوا ہے کہ تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقہ والٹن روڈ پر فاروق کالونی کی رہائشی 43 سالہ حنیفاں بی بی اپنی بیٹی 14 سالہ عروج کے ساتھ رکشہ پر سوار ہو کر گھر جا رہی تھی کہ مدینہ کالونی ٹوکے والا چوک کا رہائشی رکشہ ڈرائیور وسیم تیزرفتاری سے رکشہ چلا رہا تھا۔ بہت زیادہ تیزرفتاری سے رکشہ چلانے پر اچانک رکشہ الٹ گیا اور اس میں موجود گیس کا سلنڈر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا اور پورے رکشہ میں آگ لگ گئی۔ آگ لگتے ہی رکشہ ڈرائیور وسیم موقع سے فرار ہو گیا۔ 14 سالہ عروج بھی رکشہ سے باہر تھی جبکہ حنیفاں بی بی رکشہ میں موجود تھی اور ننھی عروج اپنی ماں کو رکشہ سے باہر نکالنے کی کوشش کرتی رہی اور دونوں ماں بیٹی مکمل طور پر جھلس گئیں جنہیں ریسکیو ٹیموں کی جانب سے ہسپتال منتقل کرنے کے دوران دونوں ماں بیٹی دم توڑ گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ رکشہ ڈرائیور کی تلاش جاری ہے، متوفی کے ورثاء نے درخواست دی تو کارروائی کرینگے۔
ماں بیٹی زندہ جل گئیں