پولیس میں درجہ چہارم کیلئے سفارشی امیدوار بھرتی

لاہور ( نامہ نگار ) محکمہ پولیس میں افسروں نے درجہ چہارم کی آسامیوں پر اپنے چہیتے و سفارشی امیدواروں کو بھرتی کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس میں گزشتہ سال کے آخر میں لانگری ، ما شکی ، نائب قاصد ، پینٹر ، پلمبر ، مالی اور الیکٹر یشن سمیت درجہ چہارم کی دیگر سینکڑوں سیٹوں کو مشتہر کیا گیا تھا۔ جس کے لئے صوبے بھر سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد امیدواروں نے درخواستیں جمع کروائیں تھیں ، درجہ چہارم کی سیٹوں کو پر کرنے کے لئے اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی پنجاب کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی گئی۔ جس نے شارٹ لسٹ کرکے 36ہزار سے زائد امیدواروں کے نام انٹرویوز کے لئے محکمہ پولیس کی ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کئے تھے ۔ ذرائع کے مطابق محکمہ پولیس کے اعلیٰ افسران اور عملے نے مبینہ طور پر اپنے چہیتے امیدواروں اور سفارشیوںکے نام لسٹوں میں شامل کرکے ان کو انٹرویوز کے لئے بلوا یا جبکہ باقی رہ جانے والے امیدواروں کو یہ کہہ کر واپس بھجوا دیا گیا کہ بھرتیوں کا عمل مکمل کر لیا گیا ۔پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ میں روزانہ سینکڑوں امیدوار بھرتی کی آس امید لیکر آتے ہیں مگر وہاں پر تعینات عملہ ان امیدواروں کو یہ کہہ کر واپس بھجوا دیتا ہے کہ اب بھرتی کا عمل مکمل کرلیا گیا ۔جس پر امیدوار بھی سراپا احتجاج ہیں۔